0

پاکستان کرکٹ بورڈ کا ڈی ایچ اے کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

پاکستان کرکٹ بورڈ کا ڈی ایچ اے کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی ( ڈی ایچ اے ) لاہور کے ساتھ ڈی ایچ اے کے مین آفس میں 10 سال کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

معاہدے کے مطابق ڈی ایچ اے نے ڈی ایچ اے فیز 5 میں اپنے اسپورٹس کمپلیکس کے اندر ایک علاقہ مختص کیا ہے جہاں پی سی بی خواتین کی کرکٹ کے لیے اکیڈمی قائم کرے گا۔ خواتین کرکٹرز کو فلیگ شپ اسپورٹس کمپلیکس کی سہولیات بھی حاصل ہونگی۔

ایم او یو پر دستخط پی سی بی کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف اور ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے لاہور بریگیڈئر مرزا محمد یاسر بیگ نے کیے۔

اس موقع پر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ندیم خان، جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ جنید ضیا، ہیڈ آف ویمنز کرکٹ تانیہ ملک، سیکریٹری ڈی ایچ اے بریگیڈئر (ر) حافظ محمد اظہر، ڈی ایچ اے ڈائریکٹر اسپورٹس بریگیڈئر (ر) منیر احمد اور ڈی ایچ اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر اسپورٹس لیفٹیننٹ کرنل (ر) ضیاء الدین بھی موجود تھے۔

ذکا اشرف نے بریگیڈئر مرزا یاسر بیگ کا شکریہ ادا کیا اور اس ایم او یو کو ویمنز کرکٹ کی بہتری کے ضمن میں ایک مثبت قدم قرار دیا۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ خواتین کی کرکٹ کی ترقی میں پی سی بی کا ایک اہم قدم ہے۔ ڈی ایچ اے کے ساتھ تعاون خواتین کرکٹرز کو بین الاقوامی کرکٹ کی تربیت اور تیاری کے لیے ایک اور مرکز فراہم کرے گا۔