ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کے باعث یکم سے 15 اکتوبر کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 سے 19 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
نگراں حکومت کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا یہ پہلا موقع ہوگا، 15 اگست سے 15 ستمبر کے درمیان پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 58.43 روپے اور 55.83 روپے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔
پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل فی لیٹر ریٹیل سطح پر 331 سے 333 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہونے اور انٹربینک و اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں بہتری جب کہ موجودہ ٹیکس ریٹس اور دیگر اوور ہیڈز کی بنیاد پر آئندہ جائزے میں پیٹرول کی قیمت میں 15 سے 19 روپے فی لیٹر کمی ہوسکتی ہے۔
حکومت پیٹرولیم لیوی 50 روپے فی لیٹر برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتی ہے تو ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 سے 12 روپے فی لیٹر کمی ہوسکتی ہے جب کہ لیوی میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تو ڈیزل کی قیمت میں 5 سے 8 روپے فی لیٹر کمی ہوگی۔
اس وقت تمام پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) صفر ہے مگر حکومت پیٹرول پر 60 روپے فی لیٹر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی وصول کر رہی ہے جب کہ ایچ ایس ڈی اور دیگر پر 50 روپے فی لیٹر لیوی عائد ہے۔
اس کے علاوہ حکومت پیٹرول اور ایچ ایس ڈی پر 22 سے 23 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی بھی وصول کر رہی ہے۔