0

کیا ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم دوبارہ نمبر ون ٹیم بن سکتی ہے؟

پاکستان ٹیم
بھارتی ٹیم نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان سے نمبر ون پوزیشن اس وقت چھین لی جب 22 ستمبر کو کھیلے گئے 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بھارتی سورماؤں نے کینگروز کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔

جس کے بعد بھارتی ٹیم آسٹریلیا کو شکست دے کر آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آگئی جبکہ پاکستانی ٹیم جو ڈیسیمل پوائنٹ پر بھارت سے آگے تھی دوسرے نمبر پر چلی گئی۔

رینکنگ میں بھارتی ٹیم کے پوائنٹس 116 ہو گئے جبکہ پاکستان کے پوائنٹس 115 اور آسٹریلیا کے 111 ہیں۔

انڈین ٹیم نہ صرف ون ڈے بلکہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس یعنی ٹیسٹ اور ٹی 20 میں بھی پہلے نمبر پر آگئی ہے۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا پاکستان ورلڈ کپ بطور ون ڈے کی نمبر ون ٹیم کے شروع کرسکتی ہے؟ اس کا جواب ہے ہاں! لیکن اس کے لیے پاکستان کو بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیموں پر انحصار کرنا ہوگا۔

اگر آسٹریلیا نے بھارت کو بقیہ 2 میچوں میں شکست دی تو پاکستان ایک بار پھر رینکنگ میں ٹاپ پر جا سکتا ہے۔

اگر آسٹریلوی ٹیم اپنا کام کرتی ہے تو گرین شرٹس ایک بار پھر نمبر ون ون ڈے ٹیم بن جائیں گے اور ورلڈ کپ میں شاندار انداز میں قدم رکھیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے اگست میں سری لنکا میں 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں افغانستان کو شکست دے کر ون ڈے کی نمبر ون پوزیشن حاصل کی تھی۔

تاہم ایشیا کپ 2023 میں مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے قومی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر آئی تھی لیکن جب جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کے خلاف 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز جیتی تو پاکستان ایک بار پھر آئی سی سی رینکنگ میں سرفہرست ٹیم بن گئی۔

خیال رہے کہ ون ڈے ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہندوستان میں ہوگا جبکہ پاکستان 6 اکتوبر کو حیدرآباد میں نیدرلینڈ کے خلاف اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز کریں گے۔