0

22 سال جیل میں رہنے والا شخص رہائی کے دن فرار

22 سال کی سزا پوری کرنے والا روسی قیدی رہائی کے دن فرار
22 سال قید میں رہنے والا روسی شہری رہائی کے دن فرار ہوگیا۔ میڈیا کے مطابق کامولجن کالونوف نامی روسی شہری دوہرے قتل، چوری، اسلحہ، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد رکھنے جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھا۔

روسی شہری کے جرائم میں ملوث ہونے کے ریکارڈ کے حوالے سے بتایا گیا کہ ملزم کو پہلی بار مجرموں کو منظم کرنے کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی اور اسے 1997 میں جیل سے رہا کیا گیا تھا، اس کے بعد 2001 میں اسے 22 سال قید کی دوبارہ سزا سنائی گئی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ روسی شہری عین اپنی رہائی والے دن جیل سے صبح 4 بجے کے قریب غائب ہوگیا جس کے بعد جیل اہلکاروں کو پتا چلا کہ ملزم جیل سے فرار ہوگیا ہے کیونکہ وہ جس جیل میں موجود تھا وہ ایک مجرموں کیلئے کالونی تھی جہاں مجرموں کو آزادانہ طور پر گھومنے کی سہولت دی گئی تھی۔

روسی حکام کے مطابق کالونی سے تین دن تک غیر حاضری کو جیل سے فرار نہیں سمجھا جاتا بلکہ راستے سے فرار سمجھا جاتا ہے اگر اس دوران وہ واپس نہیں آتا تو اس قیدی کو 4 سال تک قید کی سزا کاٹنی پڑسکتی ہے۔ حکام کے مطابق22 سال بعد کامولجن کلونوف کو پیرول پر رہا کرکے جبری مشقت کے لیے بھیجا جانے والا تھا لیکن وہ اپنی رہائی کے دن ہی فرار ہوگیا۔