0

ڈالر کے مقابلے میں روپے کے مضبوط ہونے کا سلسلہ آج بھی جاری

بدھ کے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت مزید کم ہو گئی۔
امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے، انٹربینک میں ڈالر کی قیمت مزید کم ہو گئی۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی انٹربینک میں ڈالر کی قیمت کم ہونے کا سلسلہ جاری ہے، جس کا آغاز 38 پیسے کمی سے ہوا اور ڈالر 299 روپے 50 پیسے کی سطح پر آ گیا، بعد ازاں گراوٹ کا سلسلہ جاری رہا اور دوپہر تک ڈالر کی قدر ایک روپے 15 پیسے کم ہوکر 298 روپے 73 پیسے کی سطح پر آ گئی۔

دریں اثنا اوپن مارکیٹ میں بدھ کے روز ڈالر کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ہوا اور ڈالر 301 روپے کا ہوگیا۔ اوپن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے سے ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری تھا۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ دنوں کی نسبت آج تیزی کا رجحان ہے۔ بدھ کے روز پی ایس ایکس میں 68 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 45577 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔