عراق میں ہونے والے افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے زائرین سمیت 18 افراد جاں بحق ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ عراق کے شمالی صوبے صلاح الدین میں دو شہروں کو ملانے والی مصروف سڑک پر رونما ہوا۔
ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینس واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھی جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
اطلاعات کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق ایران سے ہے، جبکہ 13 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں میں سے ایک کا ڈرائیور سو گیا تھا جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔
واضح رہے کہ اربعین (چہلم امام حسین علیہ السلام) کے سلسلے میں ہر سال ہزاروں افراد عراق کا رُخ کرتے ہیں۔