0

وسیم اکرم کا پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے متعلق بڑی پیشگوئی

سوئنگ کے سلطان اور سابق کپتان وسیم اکرم
سوئنگ کے سلطان اور سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ جیت پاکستان کی عادت بن گئی ہے اس ٹیم سے مقابلہ اب بھارت سمیت کسی بھی ٹیم کیلئے آسان نہیں ہوگا۔

دبئی میں ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان وسیم اکرم نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات میں ایشیا کپ پر بات کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ ایک لمبا ٹورنامنٹ ہے، کوئی ایک میچ نہیں ہے جسے کھیل کر کوئی بھی ٹیم سیمی فائنل میں جاسکتی ہے، ایشیا کپ 20 کے بجائے 50 اوور کا میچ ہے لہٰذا اس میچ کیلئے مختلف مائنڈ سیٹ اور مختلف حکمت عملی درکار ہوگی، ان میچز میں ہر ٹیم کے نوجوان بولرز کی کارکردگی 10 اوورز سے معلوم ہوگی کیوں کہ ہر بولر کے پاس اب 4 اوور کے بجائے 10 اوور ہوں گے۔

پاکستان ٹیم کی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے سابق کپتان کا کہنا تھاکہ پاکستانی ٹیم اور مینجمنٹ نئے طریقے کار آزما رہی ہے جس کے تحت ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں نئے کھلاڑیوں حتیٰ کہ نئے کپتان کو بھی آزمایا گیا، اب تو پاکستان کی جانب سے ایشیا کپ اسکواڈ کا بھی اعلان کردیا گیا ہے، اس ٹیم کا مقابلہ کرنا بھارت سمیت کسی بھی ٹیم کیلئے آسان نہیں ہوگا۔

ٹورنامنٹ میں کسی ایک ٹیم کی فتح پر وسیم اکرم نے کہا کہ ٹورنامنٹ کیلئے پاکستان اور بھارت دو اہم ٹیمیں ہیں جن کیلئے دنیا بھر سے شائقین کی سپورٹ ہے، دنیا بھر کی نظریں ان دونوں ٹیموں پر ہیں لیکن اس سب کے باوجود آپ دوسری ٹیموں کو نظر انداز نہیں کرسکتے کیوں کہ پچھلی مرتبہ سری لنکا ایشیا کپ جیت گیا تھا اور پاکستان بھارت سمیت باقی ٹیمیں بھی ایشیا کپ کھیلنے آئی ہیں۔

بابر اعظم کی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ بابراعظم رائٹ ٹریک پر ہے، کپتانی سیکھ رہا ہے اور پرفارمنس دے رہا ہے جب کہ پاکستان ٹیم اس وقت جیسی پرفارمنس دے رہی ہے اس سے یہ ایک مکمل ٹیم لگ رہی ہے، ٹیم متحد ہے ، جیت پاکستان کی عادت بن گئی ہے جو کہ ایک اچھا سائن ہے۔