0

لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ میں ملوث ملزم گرفتار

لطیف کھوسہ
لاہور میں سابق گورنر پنجاب بیرسٹر لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ ملزم پہلے ہی فائرنگ کے 14مقدمات میں مطلوب ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ملزم محسن عرف لمبا ملت پارک کے علاقے سمن آباد کا رہائشی ہے، ملزم نے یہ بات ہمیں بتائی ہے کہ اسے زبیر خان نیازی نے رقم دی اور اس نے فائرنگ کی۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کہا ہے کہ ملزم کو وکلاء اور حکومت کے تعلقات میں کشیدگی پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنا تھا، ملزم نے بیان دیا کہ کاشف نامی ساتھی کے ساتھ لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کی۔

کامران عادل کا کہنا ہے کہ ملزم محسن نے زبیر نیازی کے کہنے پر لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کی تھی، فائرنگ کرنے کے لیے 10 لاکھ روپے کی رقم طے ہوئی، جس میں سے 1 لاکھ روپے ایڈوانس لیے۔

واضح رہے کہ لاہور میں سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ان کا ڈرائیور زخمی ہوا تھا۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں