0

مالی سال 24-2023 کیلئے آزاد کشمیر کا 232 ارب روپے کا بجٹ پیش

آزاد کشمیر اسمبلی
مالی سال 24-2023 کے لیے آزاد کشمیر کا 232 ارب روپے سے زائد کا بجٹ قانون ساز اسمبلی میں پیش کیا گیا۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس 3 گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا جس کی صدارت اسپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کی۔

وزیرِ خزانہ آزاد کشمیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور نے بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ بجٹ کا کل حجم 232 ارب روپے سے زائد رکھا گیا ہے۔

وزیر خزانہ وقار نور نے بجٹ تقریر میں بتایا کہ بجٹ کا مجموعی حجم 232 ارب 4 کروڑ 70 لاکھ روپے ہے، جس میں ترقیاتی اخراجات کیلئے 42 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور غیر ترقیاتی اخراجات کیلئے 190 ارب 4 کروڑ 7 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں 67 ارب 54 کروڑ 70 لاکھ کا اضافہ کیا گیا ہے ۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ موجود حکومت آزاد کشمیر کی حکومتی تاریخ میں سب سے بڑے حجم کا بجٹ پیش کررہی ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق ترقیاتی بجٹ میں 30 ارب وفاقی حکومت اور 12 ارب اپنے وسائل سے حاصل کیے جائیں گے۔

گزشتہ مالی سال کی نسبت ترقیاتی بجٹ میں47 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق تعلیم کا بجٹ 2 ارب سے بڑھا کر 4 ارب روپے مختص کیا گیا ہے جبکہ صحت کے لیے 1.8 ارب سے بڑھا کر 3 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

بجٹ میں لوکل گورنمنٹ کا بجٹ 2 ارب 80 کروڑ سے بڑھا کر 3 ارب 70 کروڑ کرنے کی تجویز شامل کی گئی ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبوں کا بجٹ 10 کروڑ سے بڑھا کر 15 کروڑ رکھا گیا ہے۔

اجلاس میں یونان کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اسمبلی اجلاس میں بے نظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کے موقع پر مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔

وزیرِ خزانہ کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور نے کہا کہ ایوان 9 مئی کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔