کابل ( اے بی این نیوز ) افغانستان کے وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمان حقانی بم دھماکے میں جا ں بحق ہو گئے، پاکستان کی جانب سے مذمت کی گئی۔ افغان طالبان کے قائم مقام وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمان حقانی ملک کے دارالحکومت کابل میں ایک دھماکے میں جا ں بحق ہوگئے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق خلیل الرحمان کے بھتیجے انس حقانی نے بدھ کو ہونے والے دھماکے میں خلیل الرحمان حقانی کی ہلاکت کی تصدیق کی۔
دیگر غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانے نے بھی تصدیق کی ہے کہ دھماکہ وزارت مہاجرین کی عمارت کے اندر ہوا، جس میں خلیل الرحمان حقانی سمیت متعدد افراد مارے گئے۔خلیل الرحمان حقانی 2021 میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کے بعد طالبان کی عبوری حکومت میں وزیر بن گئے۔
وہ افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کے چچا اور حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی کے بھائی تھے اور خود حقانی نیٹ ورک کے سینئر رہنما تھے۔پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کی ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے افغانستان میں بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل میں افغان مہاجرین کی وزارت میں دہشت گرد حملے کے نتیجے میں قائم مقام افغان وزیر خلیل الرحمان حقانی کی شہادت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر ہمیں گہرا صدمہ پہنچا ہے۔
آج کابل میں افغان پناہ گزینوں کی وزارت میں دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں قائم مقام افغان وزیر خلیل الرحمان حقانی کی ہلاکت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر ہمیں گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ ہم دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کی بلاتفریق مذمت کرتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم افغان وزیر خلیل الرحمان حقانی کی شہادت پر افغانستان کی عبوری حکومت اور افغان عوام سے دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی بلا تفریق مذمت کرتا ہے، دھماکے کی مزید تفصیلات جاننے کے لیے ہم افغانستان کی عبوری حکومت سے رابطے میں ہیں۔
مزید پڑھیں :ملک بھر میں بجلی مہنگی کر دی گئی،جانئے فی یونٹ کتنی مہنگی کی گئی
The post افغانستان کے وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمان حقانی بم دھماکے میں جا ں بحق ، پاکستان کی مذمت appeared first on ABN News.