0

سڈنی ائیرپورٹ پر سامان لوڈ کرنے کی ویڈیو پر شاہین کا ردعمل سامنے آگیا

سڈنی ائیرپورٹ پر سامان لوڈ کرنے کی ویڈیو پر شاہین کا ردعمل سامنے آگیا
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے آسٹریلیا میں پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے اپنا سامان خود ٹرک میں رکھنے کی وائرل تصاویر پر وضاحت پیش کی ہے۔

آسٹریلیا سے پہلے ٹیسٹ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹر نے اوپنر ڈیوڈ وارنر کو آخری ٹیسٹ سیریز یادگار نہ بنانے دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ ڈیوڈ وارنر کا کرکٹ کیرئیر شاندار ہے، وہ تینوں فارمیٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں، وارنر کے لیے نیک تمنائیں ہیں مگر پرامید ہوں وہ پاکستان کے خلاف اچھا پرفارم نہیں کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان فی الحال ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، امید ہے آسٹریلیا میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، آسٹریلیا نے مضبوط اسکواڈ کا اعلان کیا ہے مگر پاکستان ٹیم اس چیلنج کے لیے تیار ہے۔

شاہین نے کہا کہ پاکستان کے پاس سینئر اور جونیئر کا اچھا کمبی نیشن ہے، کینبرا میں تیاری کا اچھا موقع ملے گا، چار دنوں میں ہمیں ٹیسٹ کی تیاری کا موقع ملے گا، ہم آسٹریلیا کے تمام کھلاڑیوں کے خلاف کھیل چکے ہیں، آسٹریلوی کھلاڑیوں کو جانتے ہیں لیکن وہ ہمیشہ مضبوط انداز سے مقابلہ کرتے ہیں۔

آسٹریلیا کے سڈنی ائیرپورٹ پہنچ کر کھلاڑیوں کے اپنا سامان خود ٹرک پر لوڈ کرنے کی وائرل تصاویر پر شاہیں شاہ نے کہا کہ ہم نے اپنا وقت بچانے کے لیے خود سامان اٹھایا، اگلی فلائٹ میں تیس منٹ تھے، وہ دو بندے تھے ہم نے کہا کہ جلد کام ختم ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صرف مدد کے لپے ایسا کیا اس کے علاوہ کچھ نہیں، ہم اس ٹیم کو ایک فیملی کہتے ہیں اور فیملی بن کر مدد کی۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کینبرا میں 6 سے 9 دسمبر تک چار روزہ میچ کھیلے گی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 14 دسمبر کو ہوگا، قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جنہیں پہلی مرتبہ کپتانی کی ذمے داریاں سونپی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ اسکواڈ میں دیگر تجربہ کار کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، بابر اعظم، محمد رضوان، حسن علی، شاہین آفریدی اور امام الحق شامل ہیں۔

تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ پرتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبرن اور سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔