0

یوگنڈا نے آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرلیا

یوگنڈا نے آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرلیا
تاریخ میں پہلی بار افریقی ملک یوگنڈا نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

کوالیفائنگ راونڈ میں یوگنڈا نے چھ میچوں میں سے پانچ میں کامیابی حاصل کرکے افریقا ریجن میں ٹاپ ٹو میں جگہ بنالی۔ یوں یوگنڈا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

 یوگنڈا کسی بھی آئی سی سی ورلڈ کپ ایونٹ میں پہلی بار شرکت کرے گا جبکہ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والا پانچواں افریقی ملک ہوگا۔

یوگنڈا نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں تنزانیہ، زمبابوے، نائیجریا، روانڈا اور کینیا کو ہرایا جبکہ نمیبیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلی بار آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے پر روانڈا کے کھلاڑیوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا اور انہوں نے اس کامیابی پر خوب جشن منایا۔

 واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی میزبانی ویسٹ انڈیز اور امریکا کریں گے۔ اس ٹورنامنٹ کا فارمیٹ گزشتہ دو ایڈیشنز سے مختلف ہوگا جس میں 20 ٹیموں کو پہلے راؤنڈ کیلئے پانچ پانچ کے چار گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

آئی سی سی کے مطابق ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سپر 8 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سپر 8 ٹیموں کو چار چار کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کیلئے تمام 20 ٹیموں کی لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقا، سری لنکا، افغانستان، بنگلا دیش، کینیڈا، نیپال، عمان، پاپوانیوگنی، آئر لینڈ، اسکاٹ لینڈ، نمیبیا، یوگنڈا شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز اور امریکا کی ٹیمیں بطور میزبان ٹورنامنٹ کا حصہ ہوں گی۔