0

امام الحق نے سوشل میڈیا پر اہلیہ کے نام پیغام شیئر کر دیا

امام الحق نے شادی کی خوبصورت تصاویر اور ویڈیوز مداحوں کے لیے شیئر کی ہیں۔
حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق نے اہلیہ کے نام پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا۔

25 نومبر کو شادی کے بندھن میں بندھنے والے کھلاڑی نے شادی کی خوبصورت تصاویر اور ویڈیوز مداحوں کے لیے شیئر کی ہیں۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں امام الحق نے اہلیہ انمول محمود کو ٹیگ کرتے ہوئے ان کے نام لکھے گئے محبت بھرے پیغام میں لکھا ہے کہ ہم ناصرف پوری زندگی کے ہم سفر بن گئے بلکہ ہم نے اپنی دوستی کے رشتے کو بھی مضبوط کیا ہے جو ہمیشہ سے ہماری محبت کی کہانی کی بنیاد ہے۔

کرکٹر نے لکھا ہے کہ میں نے ناصرف اپنی بہترین دوست سے شادی کی بلکہ آپ کے دل میں اپنا گھر بھی ہمیشہ کے لیے پایا ہے۔

انہوں نے پیغام کے آخر میں لکھا ہے کہ میں اس محبت کے لیے ہمیشہ شکر گزار رہوں گا جو دوستی کی مانند ہے اور وہ دوستی جو ہمارے لیے سب سے بڑی نعمت ہے، یہ منفرد سفر ہمارا ہے، محبت، خوشی اور نہ ختم ہونے والے خوابوں کا سفر۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے چاہنے والوں سے دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست بھی کی ہے۔

 
 
 
View this post on Instagram

A post shared by Imam Ul Haq (@imamulhaqofficial)

ایک اور پوسٹ شیئر کرتے ہوئے امام الحق نے لکھا ہے کہ ہمیشہ ساتھ نبھانے والے اس سفر کا آغاز یہاں سے شروع ہوتا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے اور بلے باز امام الحق اور ان کی اہلیہ انمول محمود کا شادی کے موقع پر کروایا گیا خوبصورت فوٹو شوٹ سوشل میڈیا کی زینت بن گیا ہے۔

نکاح کے موقع پر انمول محمود نے روایت سے ہٹ کر خوبصورت گلابی رنگ کی ساڑھی زیب تن کی جبکہ امام الحق نے سرمائی اوپن شیروانی کا انتخاب کیا۔

جوڑے کا نکاح لاہور میں ہوا جس میں قومی ٹیم کے موجودہ و سابق کھلاڑیوں کے علاوہ دوست احباب اور رشتے داروں نے شرکت کی۔

گزشتہ روز منعقد ہونے والی امام الحق کی دعوتِ ولیمہ میں ٹیسٹ کپتان شان مسعود، ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہین آفریدی اور سابق کپتان بابر اعظم شریک ہوئے۔