ایرانی فوج نے کہا کہ خلیج عمان میں مارشل آئی لینڈ کے جھنڈے والے آئل ٹینکر کو ایرانی کشتی سے ٹکرانے کے بعد قبضے میں لیا گیا، جس میں عملے کے متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔
فوج کے ایک بیان میں کہا کہ کشتی کے عملے کے دو ارکان لاپتا ہیں اور کشتی کے ساتھ ٹکرانے کی وجہ سے کئی زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی بحریہ نے اس بحری جہاز کی شناخت ’ایڈوانٹیج سویٹ‘ کے طور پر کی جو ایک سوزمیکس کروڈ ٹینکر ہے جسے تیل کی بڑی کمپنی شیورون نے چارٹر کیا تھا اور آخری بار کویت میں لنگر انداز ہوا تھا۔
جہاز کی نگرانی کے اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ جہاز کی منزل امریکی خلیج میکسیکو کی بندرگاہ ہیوسٹن کے طور پر درج تھی۔
جہاز کے مینیجر کو ترکیہ میں مقیم ایک کمپنی جینیل ڈینیزسِلک نکلیاتی اے ایس کے طور پر درج کیا گیا ہے جس نے فوری طور پر تبصرہ کی درخواست کا جواب نہیں دیا اور مارشل آئی لینڈ کے جہاز کی رجسٹری نے بھی فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
امریکی بحریہ نے کہا کہ ’ایران کی جانب سے جہازوں کو مسلسل ہراساں کرنا اور علاقائی پانیوں میں بحری جہاز کے حقوق میں مداخلت سمندری سلامتی اور عالمی معیشت کے لیے خطرہ ہے اور ایران نے گزشتہ دو سال میں غیر قانونی طور پر مشرق وسطیٰ میں کم از کم 5 تجارتی جہازوں پر قبضہ کیا ہے‘۔
ایرانی حکام نے فوری طور پر تبصرہ کے لیے ’رائٹرز‘ کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔