0

قومی ٹیم کا اگلا کپتان کون ہونا چاہیے؟ عبدالرزاق نے بتا دیا

عبدالرزاق
قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کا اگلا کپتان آپ فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی کو بناسکتے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ اگر بابر اعظم افغانستان سے شکست کے بعد کپتانی چھوڑ دیتے تو فخر زمان کپتان بن سکتے تھے اگر اس سے اچھا کرنا تھا تو شاہین شاہ آفریدی سے کپتانی کروا سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی لاہور قلندرز سے بھی کپتانی کرچکے ہیں وہ اچھے کپتان ہوسکتے ہیں۔

عبدالرزاق نے کہا کہ جب ملک کی بات ہوتی ہے تو مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں، ٹیمیں وہ جیتتی ہیں جن کی نیت اچھی ہوتی ہے اگر بابر وہاں پر کپتانی چھوڑ دیتے تو میں سمجھتا ہوں تو پاکستان کے لیے اچھا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں نائب کپتان کا اتنا اثر و رسوخ نہیں ہوتا ہے، کپتان کا مطلب ایک ٹیم ہوتا ہے۔

عبدالرزاق نے کہا کہ مینجمنٹ میں بھی ایسے لوگ آنے چاہیئں جنہوں نے کرکٹ کھیلی ہو اور اسے سمجھتے ہوں، کپتان جس کو مرضی بنادیں جب وہ اس کو ساتھ لے کر چلیں گے مسئلے حل ہوجائیں گے۔