بھکاریوں کا بلیک میلر گروہ دکانداروں اور شریف شہریوں کو دن دیہاڑے لوٹنے لگا

سوہاوہ(ظفر غوری) سوہاوہ و گردونواح میں خواتین بھکاریوں کا گروہ سرگرم، بھکاریوں کا بلیک میلر گروہ دکانداروں اور شریف شہریوں کو اپنی عشوہ طرازیوں سے دن دیہاڑے لوٹنے لگا۔ تفصیلات کے مطابق سوہاوہ و گردونواح میں بھکاریوں کا ایک گروہ متحرک ہے جو عوام کو اپنی عشوہ طرازیوں سے دن دیہاڑے لوٹتا ہے مگر پولیس ان کے خلاف کارروائی کرنے سے قاصر ہے۔ وزیر اعلٰی کے احکامات کے مطابق پورے پنجاب میں بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے مگر سوہاوہ میں بھکاری کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں مگر ان کو تھانہ سوہاوہ کی طرف سے شاید کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔ تحصیل سوہاوہ ایک پر امن علاقہ ہے اور یہاں ہمدردی کے جذبہ سے سرشار عوام بستے ہیں۔ یہ ہی وجہ ہے کہ دوسرے شہروں سے بھکاری ٹولیوں کی شکل میں آتے ہیں اور دن دیہاڑے سوہاوہ کی عوام کو لوٹتے ہیں۔ ان لوگوں نے مختلف علاقوں میں وارداتیں کرنے کے بعد اب تحصیل سوہاوہ کا رخ کر لیا ہے۔ یہی لوگ دن کے وقت بھیک مانگنے کے بہانے گلیوں محلوں کا چکر لگاتے ہیں اور رات کو وارداتیں کرتے ہیں۔ سوہاوہ کے عوام نے ڈی پی او جہلم شاکر حسین داوڑ اور ڈی ایس پی سوہاوہ سید اقبال کاظمی سے پر زور اپیل کی ہے کہ ان پیشہ ور بلیک میلر خواتین اور انکے گروہ کے خلاف فوری تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ سوہاوہ کے عوام کی عزت اور جان و مال کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ علاقہ میں امن و امان کی فضا کو بہتر بنایا جا سکے.