پاکستان ٹیم نے میچ سے ایک روز قبل بھرپور پریکٹس سیشن کیا جس میں کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، بیٹنگ اور بولنگ کی مشق کی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر حارث رؤف کی پریکٹس سیشن سے لی گئی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں انہیں صحافی سے بات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
صحافی کے سوال پر حارث رؤف نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ درد سب جگہوں پر ہے، پاؤں میں سر میں اور پسلیوں میں بھی درد ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے میچ میں بھارتی اننگز کے دوران قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف اور نسیم شاہ انجری کے باعث گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے یہی وجہ تھی کہ وہ پاکستان کی اننگز میں بیٹنگ کرنے بھی نہیں آئے تھے۔
دوسری جانب پاکستان ٹیم کے ڈاکٹر سہیل سلیم کے مطابق حارث رؤف کو بھارت کے خلاف ریزرو ڈے میں احتیاطی طور پر بولنگ نہیں کرائی گئی تھی، وہ تیزی سے بہتری کی طرف جا رہے ہیں، ان کا سائیڈاسٹرین پہلے سے بہتر ہے۔