0

لاہور میں ریکارڈ بارش سے سیلابی صورتحال، نشیبی علاقے ڈوب گئے

لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 10گھنٹوں کے دوران291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 10گھنٹوں کے دوران291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، موسلا دھار بارش کے سبب شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق درجن سے زائد علاقوں میں200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ انتظامیہ اور واسا کے تمام افسران اور اسٹاف نکاسی آب کیلئے متحرک ہوگئی ہے۔

کمشنر لاہور محمد علی کا کہنا ہے کہ اس سے قبل 26 جون 2022 کو 256 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی، 2018 میں لاہور میں 288 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ 30 سال میں اتنےکم وقت میں ایسی بارش نہیں ہوئی۔

واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی (واسا) کے مطابق بارش کے نتیجے میں لاہور کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، خاص طور پر لکشمی چوک پر سب سے زیادہ 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ نشتر ٹاؤن میں 277، پانی والا تالاب اور گلشن راوی میں 268 ملی میٹر بارش ہوئی۔

واسا کے بیان کے مطابق کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر اور واسا کے منیجنگ ڈائریکٹر شہر کے علاقوں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ جمع ہونے والے پانی جیسے مسائل کو حل کیا جاسکے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ 5 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں