عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطین میں اسرائیلی قابض فورسز کی دہشت گردی کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے، صہیونی فورسز نے پیر کو مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں صبح سویرے کیمپ پر زمینی اور فضائی حملہ کر دیا۔
اسرائیلی فوج کے حملے میں پانچ فلسطینی شہید اور10 زخمی ہو گئے ہیں، جنین کیمپ پر حملے میں اسرائیلی فورسز نے میزائل فائر کیے، گولیاں برسائیں، گرینیڈ اور زہریلی گیس کا بھی استعمال کیا۔
اسرائیلی فورسز نے حملے کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے میں کئی گھروں کو دھماکے سے اڑا دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے پیر کی صبح جنین میں کم از کم 10 فضائی حملے کیے، کئی عمارتوں کے ملبے سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا، اور شہر کے وسیع پناہ گزین کیمپ کی طرف بڑھتے ہوئے اسرائیلی بکتر بند گاڑیوں کے ایک قافلے کو بھی دیکھا گیا تھا۔
جنین میں فلسطینی ہلال احمر کے ڈائریکٹر محمود السعدی کا کہنا ہے کہ ’’فضا سے بمباری اور زمین سے حملہ ہو رہا ہے، کئی مکانات اور مقامات پر بمباری کی گئی، ہر طرف سے دھواں اٹھ رہا ہے۔‘‘
فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ چھاپوں میں کم از کم چار فلسطینی شہید ہوئے جب کہ زخمی ہونے والوں میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے، ایک اور واقعے میں مغربی کنارے کے شہر رام اللہ کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے ایک 21 سالہ فلسطینی بھی شہید ہو گیا ہے۔