0

وزیراعظم کا آئی ایم ایف سربراہ سے رابطہ، قرض پروگرام پر اہم گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف اور عالمی مالیاتی فنڈ کی ایم ڈی کرسٹیلینا جورجیوا
وزیراعظم شہباز شریف اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایم ڈی کرسٹیلینا جورجیوا کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں آئی ایم ایف کے پروگرام کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ایم ڈی آئی ایم ایف کے درمیان رابطہ منگل کی صبح ہوا۔ وزیراعظم نے معاشی صورتحال کی بہتری کے اہداف مشترکہ کوششوں سے حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے پروگرام کے نکات پر ہم آہنگی ایک دو دن میں فیصلے کی شکل اختیار کرے گی۔

ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹیلینا جورجیوا نے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری چاہتے ہیں، آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر نے وزیراعظم شہباز شریف کے عزم اور وزیرخزانہ اور انکی ٹیم کی پروگرام مکمل کرنے کیلئے کوششوں کو سراہا۔

خیال رہے کہ پاکستان عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کے لیے پرامید ہے۔ گزشتہ دنوں وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے ملاقات کی تھی جس کے بعد پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جلد معاہدے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔