ایڈیلیڈ (نیوز ڈیسک )دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کردی۔ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔میچ میں پاکستانی باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور ابتدا سے ہی آسٹریلوی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار نظر آئی، پوری ٹیم 35 اوورز میں 163 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے 5، شاہین شاہ آفریدی نے 2، محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک شکار کیا۔ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس نے پراعتماد بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 26.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 164 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔اوپننگ بلے باز صائم ایوب 71 گیندوں پر 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ عبداللہ شفیق 64 رنز اور بابر اعظم 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، شاندار باؤلنگ کرنے پر حارث رؤف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
آسٹریلیا نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی، شان ایبٹ کی جگہ فاسٹ بالر جوش ہیزل ووڈ کو شامل کیا گیا۔پاکستان کی ٹیم میں میچ کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔آسٹریلیا نے پاکستان کو 3 میچوں کی سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دی تھی، مچل اسٹارک کو 3 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی ،پیر ودھائی سے 5 سالہ بچی اغوا، نامعلوم شخض کی وڈیو سامنے آگئی
The post دوسرا ون ڈے، پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی appeared first on ABN News.