جہلم شہر و مضافاتی علاقوں میں منافع خور بے لگام،خود ساختہ مہنگائی کا وائرس بے قابو ہوگیا

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم شہر و مضافاتی علاقوں میں منافع خور بے لگام،خود ساختہ مہنگائی کا وائرس بے قابو ہوگیا، سبزی پھل غریب کی پہنچ سے کوسوں میل دور، دکاندار من مرضی کے نرخ وصول کرنے لگے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس غائب ، شہری گراں فروشوں کے رحم و کرم پر ، شہریوں کا ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔ تفصیلات کے مطابق شہر و گردونواح میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس و انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث با اثر دکانداروں نے جنگل کا قانون نافذ کر لیا، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کے من مرضی کے نرخ مقررکرکے شہریوں کی جیبوں پر ڈاکے ڈالنے شروع کر رکھے ہیں ، مشکل کی اس گھڑی میں منافع خوروں نے غریب سفید پوش طبقہ کے افراد کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر رکھا ہے ، با اثر کریانہ مرچنٹس مالکان نے آٹا، گھی، چینی سمیت دیگر ضروری اشیا ء کے من مرضی کے نرخ مقرر کر کے فروخت شروع کر رکھی ہے ، جس کیوجہ سے عام آدمی شدید متاثر ہو رہاہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر چیکنگ کا سلسلہ شروع کروایا جائے مہنگی اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کرواکے پابند سلاسل کیا جائے تاکہ غریب ، دیہاڑی دار ، محنت کش افراد حکومت کے مقررہ کردہ نرخوں پر اشیاء خوردونوش خرید کر اپنے بچوں کو 2 وقت کی روٹی مہیا کر سکیں ۔