غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں دیے گئے امریکی حکومت کے اعداد وشمار کے مطابق ماہ نومبر میں بے روزگاری کی شرح میں کمی ہوئی ہے جبکہ ملازمتوں میں توقع سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق جمعے کو لیبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت نے ایک لاکھ 99 ہزار ملازمتوں کا اضافہ کیا جبکہ بے روزگاری کی شرح 3.7 فیصد تک گر گئی ہے۔
دریں اثنا اجرتوں میں گذشتہ مہینے کے مقابلے میں 0.4 فیصد تک اضافہ ہوا لیکن یہ پچھلے برس کی سطح تک ہی رہا۔
اگرچہ نوکریوں میں اضافہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے تاہم تجزیہ کاروں نے رپورٹ سے پہلے کہا کہ لیبر مارکیٹ کی بنیادی حالت کمزور ہوتی جا رہی ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کو مارکیٹوں اور فیڈرل ریزرو نے قریب سے دیکھا ہے کیونکہ پالیسی ساز اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ مہنگائی سے نمٹنے کے لیے شرح سود کو کیسے سنبھالا جائے۔
امریکہ کا مرکزی بینک اگلے ہفتے پالیسی میٹنگ کے اختتام پر اپنے شرح سود کے فیصلے کا اعلان کرنے والا ہے۔