کراچی ( اے بی این نیوز )آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں آج سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہونے جارہی ہے جس میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی میزبان ٹیمیں آمنے سامنے ہیں۔جہاں بھارت اور بنگلہ دیش کے علاوہ تمام غیر ملکی ٹیمیں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لیے پاکستان میں موجود ہیں وہیں پاکستانی شائقین بھی بھارتی ٹیم کو یاد کر رہے ہیں۔ کیونکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ جس کا کروڑوں شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں وہ پاکستان میں نہیں بلکہ دبئی میں کھیلا جائے گا۔اس موقع پر پاکستانی مداحوں کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں ’مس یو انڈیا‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ شائقین کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان آتی تو ہم اسے خوش آمدید کہتے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025: پاکستانی شائقین بھارتی ٹیم کو یاد کرنے لگے۔ انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے باہر ’مس یو انڈیا‘ کے نعرے لگائے۔شائقین کا کہنا ہے کہ وہ میچ دیکھنے کے لیے بہت پرجوش ہیں اور انہیں بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے پر مایوسی ہوئی ہے۔ اگر وہ پاکستان آتے تو ان کی بھرپور پذیرائی ہوتی اور میچ دیکھنے کا زیادہ مزہ آتا لیکن وہ سیاسی وجوہات کی بنا پر پاکستان نہیں آرہے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں میزبان پاکستان، نیوزی لینڈ، بھارت اور بنگلہ دیش گروپ اے میں ہیں جب کہ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، افغانستان اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی ڈے نائٹ میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان بدھ 19 فروری کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔پاکستان اپنے اگلے دو گروپ میچز 23 فروری کو بھارت کے خلاف دبئی میں اور 27 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گا۔گروپ مرحلے کے 3 میچ کراچی، 3 میچ لاہور اور 3 میچ راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ ہندوستانی ٹیم اپنے تینوں گروپ میچ دبئی میں کھیلے گی۔پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔اگر بھارتی ٹیم فائنل میں پہنچنے میں ناکام رہی تو فائنل 9 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا، بصورت دیگر فائنل دبئی میں ہوگا۔
مزید پڑھیں :بارش برسانے والا مغربی سسٹم ملک میں داخل،کراچی میں تیزہوائیں چلنے کا امکان ، محکمہ موسمیات
The post چیمپئنز ٹرافی،بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے پر مایوسی ہوئی، ’مس یو انڈیا‘ کے نعرے appeared first on ABN News.