جہلم ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت چینی کی مقررہ قیمت پر فروخت کو یقینی بنانے کے لیے شوگر ڈیلرز کا اجلاس منعقد

جہلم(چوہدری عابد محمود +سید مظہر عباس)جہلم ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر کی زیرصدارت چینی کی مقررہ قیمت پر فروخت کو یقینی بنانے کے لیے شوگر ڈیلرز کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر جہلم ذولفقار احمد، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز حامد بھٹی اور تمام تحصیلوں کے رجسٹرڈ شوگر ڈیلرز نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر نے شوگر ڈیلرز کو ہدایت کی کہ چینی کی مقررہ قیمت پر فروخت کو یقینی بنایا جائے، مہنگی چینی فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز پنجاب نے چینی کی ایکس مل قیمت 83.24روپے کلوگرام متعین کی ہے اور پرچون مارکیٹ میں چینی 88.24 روپے کلوگرام فروخت کی جا سکتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور غیر قانونی منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شوگر ڈیلرز روزانہ کی بنیاد پر اپنے اسٹاک کو متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ شئیر کریں اور ملز سے براہ راست چینی کی خریداری کے لئے ڈیمانڈ ڈرافٹ / تنخواہ آرڈر تیار کریں، ضلعی انتظامیہ جہلم ملوں سے شوگر اٹھانے میں ان کو سہولت فراہم کرے گی۔