0

شاہد خاقان عباسی کا پی ٹی آئی مظاہرین پر گولی چلانے پر حکومت سے معافی کا مطالبہ

سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے کنوینر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل تب ہی ممکن ہے جب تمام سیاسی قوتیں ایک ساتھ بیٹھ کر بات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مظاہرین پر گولی چلانے کے مبینہ ’جرم‘ پر معافی مانگنی چاہیے، اور اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیشن تشکیل دیا جانا چاہیے تاکہ حقائق عوام کے سامنے آ سکیں۔

اسلام آباد میں عوام پاکستان پارٹی کے اجلاس کے بعد جنرل سیکریٹری مفتاع اسمعٰیل کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت ابھی تک یہ تسلیم کرنے کو تیار نہیں کہ 26 نومبر کو گولی چلائی گئی، حالانکہ اس واقعہ کا ہونا حکومت کی ناکامی کا غماز ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ مظاہرین کے طریقہ کار سے اتفاق نہیں کرتے، لیکن ان کے حملے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور مظاہرین کے اقدامات پر بحث ہونی چاہیے، اور حکومت کو عوام کی مشکلات کا حل نکالنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش کی، اور وہ آج بھی یہی طرز عمل اختیار کیے ہوئے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی کا تنظیمی اجلاس ہوا، جس میں ملک کے موجودہ حالات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب سیاست میں نفرت اور دشمنی کا عنصر آ جائے، تو ملک کی ترقی ممکن نہیں رہتی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں موجود مسائل کا فوری حل نکالنا ضروری ہے، اور اس وقت زبان کی بنیاد پر ہونے والی ناانصافیوں کو روکنا ہوگا۔ انہوں نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کی عزت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے حالات بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کرم ایجنسی میں ہونے والے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اس حقیقت سے آگاہ کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا کام عوام کی آواز دبانا نہیں، بلکہ آئین کے مطابق ملک کے معاملات چلانا ہے۔ انہوں نے 26 ویں آئینی ترمیم کو آئین سے متصادم قرار دیا، جو ایک رات میں منظور کرائی گئی تھی۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ ملک میں غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے، لیکن حکومت ان مسائل پر کوئی توجہ نہیں دے رہی۔ وزیر خزانہ کی جانب سے اسٹاک مارکیٹ میں اضافے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، مگر انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ کا بڑھنا حقیقتاً نقصان دہ ہے، کیونکہ لوگ اس میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں کیونکہ ان کے پاس کوئی اور متبادل نہیں۔

The post شاہد خاقان عباسی کا پی ٹی آئی مظاہرین پر گولی چلانے پر حکومت سے معافی کا مطالبہ appeared first on ABN News.