0

انتقامی سوچ نے ملک کو دلدل میں دھکیلا: رانا ثناء اللہ

رانا ثناء اللہ
سابق وزیر داخلہ اور رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ انتقامی سوچ نے ہی ملک کو دلدل میں دھکیلا، پونے 4 سال کہا گیا کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔ نواز شریف قوم کو امید دلائیں گے اور امید کو یقین میں بدلنے کے لئے راستے کا تعین کریں گے۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، پوری قوم اپنے لیڈر کو ویلکم کرنے کی منتظر ہے، کیونکہ وہ قوم کو بحرانی کیفیت سے نکال سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک عزم کے ساتھ پاکستان آ رہے ہیں، وہ مینار پاکستان میں جلسے سے خطاب کریں گے، پورے پاکستان سے پارٹی کارکنان مینار پاکستان پہنچیں گے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ کوئی شک نہیں پاکستان مشکل کا شکار ہے، معاشی طور پر ہم تباہی کے دھانے پر کھڑے ہیں، فتنےکی حکومت ختم نہ کرتے تو ملک تباہ ہو چکا ہوتا، پونے 4 سال انتقامی سوچ نہ ہوتی تو آج یہ حال بھی نہ ہوتا۔

ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اپنے بیان کی وضاحت کئی بار کر چکے ہیں، البتہ ہم نے کسی کے خلاف کوئی مقدمہ بنایا اور نہ مدعی بنے۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں