تاریخی قصبہ جلالپور شریف منتخب ممبران کی غفلت و لاپرواہی کی وجہ سے گوناگوں مسائل کا شکار

جہلم(چوہدری عابد محمود +دانیال عابد چوہدری)جہلم کا مشہورو تاریخی قصبہ جلالپور شریف منتخب ممبران کی غفلت و لاپرواہی کی وجہ سے گوناگوں مسائل کا شکار، قصبہ جلالپور شریف میں صفائی ستھرائی کے گھمبیر مسائل پیدا ہو چکے ہیں، گاؤں کی گلیاں و نالیاں گندگی سے اٹی پڑی ہیں، جن سے مچھر، مکھیاں بیماریاں پھیلانے کا موجب بن رہی ہیں، واٹر سپلائی کے پائپ درجنوں مقامات سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں، نالیوں کا گندہ پانی واٹر سپلائی کی لائنوں میں شامل ہو کر بیماریاں پھیلانے کا باعث بن رہاہے، سرکاری ہسپتال رورل ہیلتھ سنٹر اگرچہ اپنے وسائل کے مطابق شہریوں کو حتی المقدور خدمات میں مصروف ہے لیکن عرصہ دراز سے تزین و آرائش اور چار دیواری مکمل نہیں کروائی جاسکی جس کی وجہ سے ہسپتال سمیت سرکاری کالونی کے کوارٹر بھوت بنگلے کی منظر کشی کر رہے ہیں، ڈینٹل یونٹ موجود ہونے کے باوجود ڈینٹل ڈاکٹر موجود نہیں جس کیوجہ سے مریضوں کو 50 کلو میٹر کا سفر طے کرکے ضلعی ہیڈ کوارٹر آنا پڑتا ہے،ڈینٹل ڈاکٹر تعینات نہ ہونے کیوجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ غریب مریضوں کو طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث پرائیویٹ ہسپتالوں سے مہنگے داموں علاج کروانا پڑتا ہے، ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں بالخصوص زچہ و بچہ کی زندگیاں خطرے میں پڑجاتی ہیں، منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی کامیابیوں میں کلیدی کردارادا کرنے والے علاقہ مکینوں نے منتخب ممبران کی توجہ تاریخی قصبہ جلالپور شریف میں پیدا ہونے والے مسائل پر مرکوز کرنے اور ان مسائل کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔