نیویارک میں پریس بریفنگ کے دوران پاکستان کے سیکریٹری خارجہ سائرس قاضی کا کہنا تھا کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے جو الزام لگایا اس میں کچھ حقیقت ہو گی تو ہی لگایا ہے۔
سائرس قاضی کا کہنا تھا ہم کینیڈا کی جانب سے بھارت پر لگائے جانے والے اس الزام پر سرپرائز نہیں ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کر رہا ہے، بھارت پاکستان میں عدم استحکام کی کارروائیوں میں ملوث ہے، ہم نے بھارت کا حاضر سروس نیول افسر پکڑا ہوا ہے، فروری 2019 میں ہم نے دفاع کیا، ضرورت پڑی تو پھر کریں گے۔
سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا وزیراعظم انوار الحق کاکڑ جمعہ کو جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیر اور افغانستان سمیت تمام اہم ایشوز پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، وزیر خارجہ جلیل عباسی جیلانی نے بھی سائیڈ لائنز پر اہم ملاقاتیں کیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کینیڈین وزیراعظم جسٹس ٹروڈو نے کینیڈا میں خالصتان تحریک کے رہنما ہردیب سنگھ کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے ملوث ہونے کا بیان دیکر بدنام زمانہ ایجنسی کے سربراہ کو کینیڈا بدر کرنے کا حکم دیا تھا۔
دوسری جانب امریکا نے بھی کینیڈا میں قتل ہونے والے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔