ذرائع کے مطابق شیخ رشید کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔
شیخ رشید کے وکیل عبدالرازق نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شیخ رشید کو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا ہے، ان کو سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
وکیل نے بتایا کہ شیخ رشید کے خلاف پنجاب میں کوئی مقدمہ نہیں، 10 مئی کو اسلام آباد میں ریلی نکالنے پر تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج ہوا تھا۔
عبدالرازق نے کہا کہ ان کے بارے میں معلومات نہیں کہ کہاں لے جایا گیا ہے، شیخ رشید تک رسائی کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر 9 مئی کے روز ہونے والے پُرتشدد واقعات کے بعد سے شیخ رشید روپوش تھے، تاہم اس دوران وہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغامات جاری کرتے رہے۔