0

جہلم شہر کے گنجان آبادعلاقوں میں بھینسوں کے باڑے ختم نہ ہو سکے

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری مہربان حسین)جہلم شہر کے گنجان آبادعلاقوں میں بھینسوں کے باڑے ختم نہ ہو سکے۔ جانوروں کے فضلے سے سیوریج لائینیں بندہونے لگی،شہریوں کو مشکلات کا سامنا، محکمہ ماحولیات کے ذمہ داران خواب خرگوش کے مزے لینے میں مصروف، میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران نے بھی چپ سادھ لی، شہریوں کا ڈپٹی کمشنر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق جہلم کے گنجان آباد علاقوں جن میں محلہ سلیمان پارس،مشین محلہ نمبر 3،روہتاس روڈ،محلہ بابا مہدی شاہ سمیت بلال ٹاؤن، مجاہد آباد، کالا گجراں، اسلام پورہ، کریم پورہ، محمود آباد میں بااثر گوالوں نے رہائشی علاقوں میں بھینسوں کے باڑے قائم کر رکھے ہیں جس کی وجہ سے علاقہ مکین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں،بھینسوں کے باڑوں کی وجہ سے مسجدوں میں نماز ادا کرنے،سکولوں و کالجوں میں جانے والے طلباء و طالبات سمیت معمر شہریوں اور چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کو بھینسوں کے گوبر کی وجہ سے شدید بدبو کے ساتھ ساتھ مہلک جراثیموں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، گندگی و غلاظت گوالے سیوریج لائینوں میں بہا دیتے ہیں،جس کی وجہ سے سیوریج لائینیں بند ہونے سے گندہ بدبودار پانی گلی،محلوں میں جمع ہو جاتا ہے،شہریوں نے ڈپٹی کمشنر،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی،ڈائریکٹر ماحولیات سے گوالوں کے خلاف کاروائیاں کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔