ضلع جہلم کے صحافیوں کو ڈرایا دھمکایا نہیں جا سکتا۔صحافی

جہلم(چوہدری عابد محمود +دانیال عابد چوہدری)جہلم مثبت صحافت کو فروغ دے کر ہی معاشرتی نظام میں بہتری خوشحالی اور جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکتا ہے، گیڈربھبکیوں سے ضلع جہلم کے صحافیوں کو ڈرایا دھمکایا نہیں جا سکتا، صرف اس بزرگ و برتر خدا کی ذات سے ضلع جہلم کے غیور صحافی ڈرتے ہیں جہلم کے صحافیوں نے صرف مثبت صحافت کو فروغ دیا، جرائم پیشہ عناصر نے فرائض سرانجام دینے والے صحافیوں کاہمیشہ راستہ روکنے کی ناکام کوششیں کیں، مگر کامیابی و کامرانی ہمیشہ حق و سچ کی ہوئی، ان خیالات کا اظہار پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے گزشتہ روز نجی میرج ہال میں سابق عہدیداروں کی طرف سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا، پرنٹ میڈیا
کے صدر میاں محمد ساجد، الیکٹرانک میڈیا کے صدر راجہ وقاراحمد، میڈیا ون کے چیئرمین سید اکرم حسین بخاری سمیت دیگر قائدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافی برادری کو یکجا کرکے مثبت صحافت کے ذریعے معاشرے سے جرائم کا خاتمہ اور علاقائی مسائل کو بہتر انداز میں اجاگر کیا جا سکتا ہے۔ جس کے لئے ہر صحافی کو آگے بڑھنا ہوگا، اور صدق دل و نیک نیتی کے ساتھ مثبت کردار ادا کرنا ہوگا، جرائم پیشہ عناصر کو جب آئینہ دکھایا جاتا ہے تو وہ طرح طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرکے صحافیوں کو حراساں کرنے کے ساتھ ساتھ مقدمات درج کروانے اور جانی و مالی نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے صحافیوں کی نشاندہی پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرنے کی بجائے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کی بجائے سرپرستی کرتے ہیں جس کیوجہ سے جرائم پیشہ عناصر صحافیوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافت سے وابستہ تمام افراد ہمارے لئے قابل احترام ہیں اور صحافیوں کو حراساں کرنے والے جرائم پیشہ افراد ہوش کے ناخن لیں کیونکہ صحافی برادری مکروہ چہروں اور انکی سرپرستی کرنے والے افرادکو بے نقاب کرنا خوب جانتی ہے۔اس موقع پر صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔