جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزا قدیر بیگ)جہلم شہر کے بازاروں چوک چوراہوں میں تجاوزات کی بھر مار، سڑکیں،راستے سکڑ کر تنگ گلیوں میں تبدیل، خریداروں بالخصوص خواتین اور ضعیف العمر افراد کو پیدل گزرنے میں شدید دشواری کا سامنا، تجاوزات کیخلاف حقیقی معنوں میں بھر پور آپریشن کیا جائے، عوامی سماجی حلقوں کا ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے اندرون بازاروں اور سڑکوں پر جگہ جگہ تجاوزات مافیا نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں دوکانوں کا سامان سڑکوں کے دونوں اطراف دکانوں کے باہر سجھا کر پیدل چلنے والوں کے لیے مشکلات پیدا کر رکھی ہیں، جس کے باعث خریداروں بالخصوص خواتین اور ضعیف العمر افراد کو گزرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے عوامی سماجی حلقوں نے کہا ہے کہ مقامی انتظامیہ عوامی مسائل کا خیال کرتے ہوئے تجاوزات کیخلاف بھر پور آپریشن کرے یہ آپریشن صرف فوٹوسیشن تک ہی محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ جس طرح پنجاب کے دوسرے شہروں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ہیں، بالکل اسی طرح جہلم شہر اورچاروں تحصیلوں میں بھی حقیقی معنوں میں بھر پور آپریشن کیا جائے ان حلقوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب بھر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا جائے،مگرجہلم شہر میں مقامی افسران اور عملہ تجاوزات نے ان ہدایات کو یکسر نظر انداز کر رکھا ہے مقامی انتظامیہ کو چاہیے کہ تجاوزات کیخلاف بھر پور آپریشن کیا جائے اور عوامی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
0