0

دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی، دشمنوں کے خلاف ہمیشہ لڑتے رہیں گے: آرمی چیف

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ 76 ویں جشن آزادی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج کا دن ملکی دفاع کیلئے تجدید عہد کا دن ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی، پاکستان کے دشمنوں کے خلاف ہمیشہ لڑتے رہیں گے، قوم کویقین دلاتےہیں پاکستان کیلئےکسی قربانی سےدریغ نہیں…

پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی ( پی ایم اے ) کاکول میں شاندار آزادی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جہاں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے اپنے مخصوص انداز میں ڈرل پریڈ کی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر آزادی پریڈ کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی ( پی ایم اے ) کے کمانڈنٹ میجر جنرل افتخار حسن نے بھی تقریب میں شرکت کی۔تقریب کے دوران 14اگست1947 قیام پاکستان سے متعلق دستاویزی فلم بھی نشرکی گئی جبکہ قائداعظم محمدعلی جناح کی تقریر بھی دکھائی گئی۔

آزادی پریڈ کی تقریب کے دوران سرزمین پاکستان اور مادرِ وطن کے شہداء کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب اس حقیقت کا والہانہ اظہار تھی کہ پاکستانی عوام ایک زندہ دل قوم ہیں جو اپنی آزادی کا جشن بھرپور اور پُرجوش انداز میں مناتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کیلئے کوشاں ہیں، آج کا دن ملکی دفاع کیلئے تجدید عہد کا دن ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی، پاکستان کے دشمنوں کے خلاف ہمیشہ لڑتے رہیں گے، قوم کویقین دلاتےہیں پاکستان کیلئےکسی قربانی سےدریغ نہیں کریں گے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ یہ دن قائدین،اسلاف کی بصیرت اور قربانیوں سے حاصل آزادی کی تکریم کا دن ہے، آج کا دن پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الاللہ کے پیغام کی روح کو سمجھنے پر زوردیتا ہے، یہ پیغام دوقومی نظریہ کی اساس اور برصغیر کے مسلمانوں کی منزل ہے۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہم 76 برس سے آزادی کا دن منانے کی روایت قائم رکھے ہوئے ہیں، پاکستان بے شمار وسائل اور ان گنت نعمتوں کی سرزمین ہے، ہماری ترقی ہمارے اسلاف اور عوام کے خوابوں کی تعبیر ہوگی، ہماری ترقی ہماری آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضامن ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اہم اور کٹھن دور سے گزر رہے ہیں، ہمیں جغرافیائی، سیاسی تنازعات، طاقت کےحصول کی کشمکش کا سامنا ہے، ہمیں تسلط پسندی اور جنگی جنون جیسے چیلنجزکا بھی سامنا ہے، پاکستان کمزور کرنے کی خواہش رکھنے والی ناکام قوتوں کا مسلسل سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم قائداعظم کے قول “ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کومٹا نہیں سکتی“کےامین ہیں، قوم اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کا حوصلہ اور صلاحیت رکھتی ہے، میں اس موقع پراپنی عظیم قوم کوامید کا پیغام دیتا ہوں، ملکی خود مختاری اور سالمیت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بعض عناصر معاشرے میں ناامیدی پھیلانے کی ناکام کوششوں میں سرگرم ہیں، ہمیں خوف اور مایوسی پھیلانے والوں کا منفی پروپیگنڈا مسترد کرنا ہوگا، کوئی ملک اور قوم ایسے چیلنجز سے نبردآزما ہوئے بغیر ترقی نہیں کرسکتی، ’‘ انہوں نےاس ضمن میں مختلف قرآنی آیات کا بھی حوالہ دیا ’‘۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ کشمیری بھائی جلد ظالمانہ اور قابض قوتوں سے چھٹکارا پائیں گے، آپ کی آزادی حق خودارادیت کی خواہش اور لازوال قربانیوں کا ثمرہو گی، عالمی ضمیر کیلئے کشمیر میں ہندوستانی جبر و استبداد کا احساس ضروری ہے، کوئی طاقت کشمیریوں کا استقلال متزلزل نہیں کرسکتی، کوئی جغرافیائی اور سیاسی ضرورت حق آزادی میں رکاوٹ نہیں ہوسکتی، کشمیری بھائیوں کو افواج اور قوم کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کے پی اور بلوچستان کے عوام 2 دہائیوں سے دہشتگردی کا مقابلہ کر رہے ہیں، یقین دلاتا ہوں دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیوں کیخلاف کامیاب ہوں گے، پڑوسی ملک نے پاکستان کو آج تک دل سے تسلیم نہیں کیا، پڑوسی ملک ہمیشہ علاقائی امن اور سلامتی کیلئے خطرہ رہا ہے، ہم نے آزادی بے شمار قربانیوں کےبعد حاصل کی، ہم اس آزادی کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ازلی دشمن نام نہاد اسٹریٹجک اہمیت اور توسیع پسندانہ عزائم رکھتا ہے، ہندو توا کے کٹّر نظریات کے تابع خواب اقوام عالم کی توجہ کے متقاضی ہیں، ہم کبھی بھی جارحانہ عزائم سے مرعوب نہیں ہوں گے، دو ایٹمی قوتوں پرمشتمل خطہ جارحانہ عزائم کا متحمل نہیں ہوسکتا، دشمن مسلسل ناپاک سیاسی عزائم کی تکمیل میں مصروف عمل ہے، اسے ماضی میں عزائم کی تکمیل کیلئے مہم جوئی کی ناکامی یادرکھنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ افغان بھائیوں کو ادراک ہونا چاہیے ہم مہمان نواز قوم ہیں، خواہش ہے مخلصانہ کوششوں کا اسی پیرائے میں جواب دیا جائے، افغان سر زمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے، دیرینہ دوست چین سے تعاون اور اشتراک کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، سعودیہ، یواےای، ترکیہ، قطر اور ایران سے تاریخی مراسم مزید بہتر ہو رہے ہیں، پاکستان اقوام عالم میں اپنے اصل مقام کے حصول کیلئے پرعزم ہے، خواہش ہے دوستوں اور شراکت داروں سے تعلقات مزید گہرے کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے سامنے تابناک مستقبل ہے بشرطیکہ متحد، ثابت قدم اور بے خوف رہیں، آپ نے دفاع وطن کا مقدس پیشہ اپنایا ہے، آپ کے راستے میں اندرونی وبیرونی، دیکھے ان دیکھےخطرات آئیں گے، ملک کی عزت اور وقار کی خاطر ہر قربانی کیلئے تیار رہیں، میرا امید کا پیغام سب کیلئے ہے، ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں، ہمیں عظیم قوم اور ملک پر فخر ہے، یادرکھیں! پاکستان ہماری پہچان اوربقا کا ضامن ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں