0

جہلم شہر کے معروف تاجر پر نا معلوم افراد کی آتشیں اسلحہ سے فائرنگ

جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیر احمد راجہ)جہلم شہر کے معروف تاجر پر نا معلوم افراد کی آتشیں اسلحہ سے فائرنگ،نقاب پوش ملزمان کا وحشیانہ تشدد موقع سے فرار، زخمی تاجر کو تشویش ناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا،پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کی معروف کاروباری شخصیت میاں طاہر صدیق ولد میاں محمد صدیق نے تھانہ سول لائنز میں درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ میں مرکزی جنازہ گاہ کے قریب واقع گلی میں میڈیسن کا کاروبار میاں جی انٹرپرائزز کے نام سے عرصہ دراز سے کر رہا ہوں،عصر کی نماز ادا کر کے واپس اپنے دفترجا رہا تھا کہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں جہنوں نے نقاب پہن رکھے تھے، مجھے میرے آفس کے سامنے گلی میں روک کر تشدد کا نشانہ بنایا اسی اثناء میں روڈ سے گزرتے ہوئے افراد کو دیکھ کر مجھ پر فائرنگ شروع کردی اور مجھے میرے دیوانی مقدمات کی پیروی نہ کرنے کی دھمکی دے کر فرار ہوگئے۔فائرنگ کی آواز سن کر میرے آفس مینجر محمد صالح و دیگر لوگ موقع پر پہنچ گئے اور مجھے زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیاگیا۔درخواست میں مزید تحریر کیا گیا ہے، کہ مجھے چند ماہ سے نامعلوم ٹیلی فون نمبروں سے فون کالز موصول ہو رہی ہیں اور مجھے میرے دیوانی مقدمات کی پیروی نہ کرنے کا دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔پولیس تھانہ سول لائنز نے درخواست گزار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔