0

بپرجوائے کا خطرہ ٹل گیا، سمندری طوفان کا سائیکلون اور ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان

سمندری طوفان بپر جوائے
بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان بپر جوائے کا خطرہ ٹلنے کے بعد ساحلی پٹی کے اطراف چلنے والی تیز ہواؤں کا سلسلہ بھی تھم گیا۔ سمندری طوفان کمزور ہو کر سائیکلون اور شام تک ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ طوفان کے باعث کراچی، مکلی، ٹھٹہ اور بدین میں ہلکی بارشیں ہوئیں تاہم تیز ہواؤں اور آندھی…

ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز کا کہنا ہےکہ ساحلی پٹی کے شہری علاقوں کا موسم خوشگوار اور مطلع ابر آلود ہے جب کہ سمندری طوفان کا خوف کافی حد تک ختم ہوگیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق آج سے ماہی گیر اپنی اپنی بستیوں میں واپس چلے جائیں گے، دو روز سے چلنے والی تیز ہوا اور بارشوں سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں، جن ماہی گیروں کا نقصان ہوا جلد سے جلد ان کا ازالہ کریں گے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق سمندری طوفان کمزور ہو کر سائیکلون اور شام تک ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق طوفان کے باعث شمال مشرقی بحیرہ عرب میں لہریں 10سے 15فٹ تک بلند ہو سکتی ہیں جب کہ کیٹی بندر اور اطراف میں لہریں 6 سے 8 فٹ تک بلند ہوسکتی ہیں۔

سمندری طوفان بپرجوائے خوف کے بادل منڈلا کر چلتا بنا، طوفان کے باعث کراچی، مکلی، ٹھٹہ اور بدین میں ہلکی بارشیں ہوئیں تاہم تیز ہواؤں اور آندھی نے ہفتوں سے جاری شدید گرمی بھگادی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان میں آج اورکل بارش اور کہیں کہیں تیز بارش کا امکان ہے جب کہ اس دوران 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔

طوفان سے بھارت کے گجرات میں تباہی

طوفان بپرجوائے نے بھارتی گجرات میں تباہی مچادی ، سمندری طوفان گزشتہ شب کیٹی بندر سے 150 کلومیٹردور گجرات میں کچھ سے ٹکرایا، طوفانی ہواؤں سے ساڑھے تین ہزار سے زائد بجلی کے کھمبے گرگئے اور سیکڑوں درخت جڑ سے اکھڑگئے جب کہ مختلف حادثات میں22 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں