0

جہلم میں گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث مکھیوں اور مچھروں کی بہتات

جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ) جہلم شہر سمیت ملحقہ آبادیوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث مکھیوں اور مچھروں کی بہتات شہریوں کے دن کا چین اور راتوں کی نیندیں اْڑ گئیں۔ شہریوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی، ایڈمنسٹریٹرسے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ملحقہ آبادیوں میں بڑھتی ہوئی گندگی کے ساتھ ساتھ موسم بدلتے ہی مکھیوں اور مچھروں کی افزائش تیزی سے بڑھنے لگی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرناپڑ رہاہے، میونسپل کمیٹی کے عملہ نے تاحال فوگ سپرے کا انتظام نہیں کیا اور شہری اپنی مدد آپ کے تحت گھروں،دکانوں اور گلیوں کی نالیوں میں سپرے کرنے پر مجبور ہیں جبکہ رات کو گھروں میں مچھر مار،کوائل،آئل لیمپ، سپرے مچھر دانی کا سہارا لے رہے ہیں۔ مچھروں کی بہتات کی وجہ سے ڈینگی وائرس پھوٹنے کے خدشات بھی ظاہر ہورہے ہیں۔اس حوالے سے ماہر ڈاکٹروں کاکہنا ہے کہ شہری صبح اور شام کے اوقات میں کھلی آستینوں والے کپڑے نہ پہنیں اور صبح و شام ہاتھوں اور پاؤں پر مچھر بھگانے والے لوشن کا استعمال کریں اور زیادہ گہرے رنگ کے ملبوسات پہننے سے گریز کریں، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ہفتہ میں کم ازکم ایک دن گھروں میں مچھر مار سپرے کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے بتایا کہ انسان اور جانوروں کو مادہ مچھر کاٹتی ہے کیونکہ اسے اپنے انڈوں کیلئے پروٹین کی ضروت ہوتی ہے جو انسانوں اور جانوروں کے خون میں سے باآسانی مل جاتے ہیں۔شہریوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی، ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کمیٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔