0

جنگلات قومی دولت اور قومی اثاثہ ہیں، سدھیر احمد مغل

جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصر حسین شاہ)جہلم جنگلات قومی دولت اور قومی اثاثہ ہیں، کسی کو سر سبزو شاداب درختوں کی کٹائی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،ٹمبر اور سمگلر مافیا کان کھول کرسن لیں، جنگلات کے تحفظ کی تنخواہ لیتے ہیں اور اسے حلال کر کے اپنی اولاد کو کھلانا ہمارا فرض عین ہے۔ محکمہ جنگلات کا کوئی بھی آفیسر و اہلکار خود کو کمزور نہ سمجھے اور قومی دولت کے تحفظ میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے، جنگل کا نقصان کرنے والا چاہے کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہو قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکے گا۔ ان خیالات کا اظہارڈویژنل فاریسٹ آفیسر سدھیر احمد مغل نے گزشتہ روز ماحولیات کے دن کے حوالے سے اپنے دفتر میں ماتحت عملہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس افسر یا اہلکار کی بیٹ سے سرسبز درخت کی کٹائی یا لکڑی سمگلنگ کرنا ثابت ہوئی تو لکڑی سمگلروں کے ساتھ ساتھ ایسے افسران واہلکاروں کے خلاف بھی سخت ترین کا رروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات ہماری قومی دولت اور آنے والی نسلوں کی بقاء کے ضامن ہیں، ان کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جنگلات سے ملحقہ آبادیوں میں بسنے والے افراد سے بھی اپیل ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے نقصان جنگل کی اطلاع بر وقت متعلقہ اہلکار وں و افسران کو دیں اور اگر ان سے رابطہ نہ ہو سکے تو ہمارے دفتر رابطہ کرکے اطلاع دیں تاکہ قومی اثاثے کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔