پرویز الہٰی کی جانب سے صدر لاہور بار رانا انتظار حسین پیش ہوئے، دوران سماعت مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ نے کہا میرا کوئی فیس بک اکاؤنٹ نہیں ہے، کل آپ لوگ گوجرانولہ گئے تھے، وہاں میں تو نہیں بیٹھا ہوا تھا، آپ لوگوں کا ٹائم قیمتی ہے میرا آپ سے ڈبل قیمتی ہے، میں آج ڈیوٹی پر ہوں میرے علاوہ کوئی اور جج آج نہیں بیٹھے ہوئے، میں فائل کے مطابق فیصلہ کروں گا، اگر آپ کو میرا فیصلہ پسند نہ آئے تو چیلنج کر لیں۔
رانا انتظار حسین نے کہا یہ لوگ تو خود وکلا کو ہراساں کررہے ہیں، ہمیں ایف آئی آر کی کاپی نہیں دی جارہی، اینٹی کرپشن حکام نے کہا آپ تصویر لے لیں۔ رانا انتظار حسین نے کہا میرے پاس سادہ موبائل ہے، عدالت کا وقت ختم ہوگیا ہے، پرویز الہٰی کی کسٹڈی اب غیر قانونی ہے۔
ڈیوٹی مجسٹریٹ نے کہا میں یہاں بیٹھا ہوا ہوں، ملزم کو پیش کرنا ہے تو میرے سامنے کردیں، میں پندرہ منٹ مزید انتظار کروں گا، اگر آپ نے کیس نہیں سنوانا تو میں عدالت سے چلا جاؤں گا۔
پراسیکیوشن نے جواب میں کہا ہمیں آپ پر اعتماد نہیں، سیشن جج کو درخواست دینی ہے کہ آپ سے کیس نہیں سنوانا، بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت میں 15 منٹ کا وقفہ کردیا۔
ڈیوٹی مجسٹریٹ نے دونوں جانب سے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا، جو کچھ دیر میں سنایا جائے گا۔
سابق وزیراعلیٰ کے وکیل نے پرویز الہیٰ کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کردی اور کہا کہ عدالت میں پرویز الہٰی کیخلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ پرویزالہی نے پنجاب اسمبلی میں گریڈ17 کی 12 غیر قانونی بھرتیاں کیں،پنجاب اسمبلی میں فیل شدہ اُمیدواروں کو ریکارڈمیں ردوبدل کر کے بھرتی کیا گیا۔
ترجمان اینٹی کرپشن کا مزید کہنا ہے کہ بھرتی کےعمل میں گھپلوں کے لیےجعلی ٹیسٹنگ سروسز کی خدمات لی گئیں ،اینٹی کرپشن انکوائری میں پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیاں ثابت ہوئیں۔ بھرتیوں میں کرپشن کے واضح ثبوت موجود ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ اینٹی کرپشن لاہور نے پنجاب اسمبلی میں گریڈ 17کی 12 جعلی بھرتیوں کے کیس میں پرویزالہٰی کو گرفتار کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کو دو مقدمات میں عدالت سے رہائی کے بعد گوجرانوالہ سے تیسرے مقدمے میں گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔