ترکیہ میں صدارتی انتخابات کے حتمی مرحلے میں پولنگ کا سلسلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے 5 بجے تک جاری رہی۔
ترک میڈیا کے مطابق پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور اب تک 85.45 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے۔
اب تک کے نتائج کے مطابق صدر اردوان 53.15 فیصد ووٹ لیکر آگے ہیں جبکہ اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 46.85 فیصد ووٹ حاصل کرسکے ہیں۔
اب تک کے نتائج کے مطابق صدر اردوان نے 2 کروڑ 35 لاکھ2 ہزار 589 ووٹ لیے ہیں جبکہ اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 2 کروڑ 7 لاکھ 17 ہزار 317 ووٹ لیے ہیں۔
خیال رہے کہ ترکیہ میں 14 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں ووٹر ٹرن آؤٹ 90 فیصد رہا تاہم کسی بھی امیدوار کے 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرنے کے باعث صدر کا فیصلہ نہ ہو سکا۔
پہلے مرحلے میں رجب طیب اردوان کو اپنے مخالف امیدوار پر 5 پوائنٹس کی برتری حاصل ہو گئی تھی تاہم وہ 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرپائے، وہ پہلے مرحلے میں 49.52 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ ان کے مدمقابل اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 44.89 فیصد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے اور سنان اوغنان 5.17 فیصد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے جب کہ پارلیمانی انتخابات میں رجب طیب اردوان کے اتحادی بلاک نے واضح اکثریت حاصل کر لی تھی۔