سنئیر صحافی شہباز بٹ کے اعزاز میں پر تکلف عشائیہ، برمنگھم میں پاکستانی کمیونٹی اور صحافیوں کی جانب سے کثیر تعداد میں شرکت

برمنگھم(عمران بشیر)برمنگھم میں سال 2021ء کی آخری شام پاکستان سے برطانیہ کے دورہ پر آئے سنئیر صحافی شہباز بٹ کے نام کی گئی۔ جس میں پاکستانی کمیونٹی کی نامور شخصیات کے علاؤہ برمنگھم کے سنئیر صحافیوں نے شرکت کی۔ برطانیہ اور پاکستان میں موجود صحافتی چیلنجز، برطانیہ میں اردو پرنٹ میڈیا، الیکٹرونک پرنٹ میڈیا کے موضوع زیر بحث آئے۔
عشائیہ سے گفتگو کرتے ہوئے سنئیر صحافی شہباز بٹ نے کہا
آج صحافت سے وابستہ ہوئے دو دہائیاں گزر گئیں مجھ پر بہت سے حملے ہوئے ،جہلم کا کوئی ایسا تھانہ نہیں جہاں مقدمہ درج نہیں ہوا۔ مگر ہر وقت کے فرعون کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہوں۔
پاکستان میں صحافیوں کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے مگر اصل مشکلات علاقائی صحافیوں کو درپیش ہیں۔ جو تمام تر معاشرتی دباؤ اور انتقامی کاروائیوں کے باوجود سچ کا علم بلند کئے ہوئے ہیں۔ عوام کے مسائل حکمرانوں تک پہنچانے کے لیے قلم سے خبر تک کا سفر کبھی بھی آسان نہیں رہا ۔ ہم اس ملک میں صحافت کر رہے ہیں جہاں سچ بولنا جرم بن جاتا ہے۔ حکمران چند سالوں کے لیے آتے ہیں اور ووٹ لے کر بھول جاتے ہیں۔مسائل کا ادراک ہونے کے باوجود سیاسی جوڑ توڑ رجحان دیکھ کر اپنے مفادات کی خاطر ایک سے دوسری دوسری سے تیسری جماعت میں چلے جاتے ہیں۔
اس موقع پر پروگرام آرگنائزر مرزا شریف نے اپنے خطاب میں کہا پاکستان میں تمام تر مشکلات کے باوجود صحافی اپنی بہترین خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ ایک مضبوط میڈیا ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے سنئیر صحافی شہباز بٹ کو برطانیہ کے دوسرے بڑے شہر میں خوش آمدید کہہ کر خوشی ہوئی ہے ان جیسے صحافی ہی عوام کی آواز بن سکتے ہیں۔ عشائیہ کا اہتمام شوبز انڈسٹری سے وابستہ مرزا شریف ، چیف ایڈیٹر جہلم نیوز عمران بشیر نے کیا۔ عشائیہ میں برمنگھم کے مقامی صحافیوں آصف براٹلوی، ابرار مغل، راجہ خاور بشیر، اشرف چغتائی، شعیب راجپوت, تیمور شہزاد، بشارت چوہدری، راجہ ناصر کے علاؤہ سماجی شخصیات خداداد مرزا، زلفی بٹ ، رانا نومی نے شرکت کی۔