نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی زیر صدارت صوبائی ایپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں 9 مئی کے پر تشدد واقعات کے تناظر صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ گیا۔
اجلاس میں نگران وزیر اطلاعات، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری اور آئی جی پی کے علاوہ اعلی سول اور عسکری حکام کی شرکت کی اس کے علاوہ ڈویژنل کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ 9 مئی جیسے ناخوشگوار واقعات کے موثر تدارک کے لئے لائحہ عمل پر غور و خوص اور اہم فیصلے کئے گئے۔
متعلقہ حکام کی طرف سے اجلاس کو صوبے میں امن و امان سے جڑے مختلف اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دیا گیا۔ اجلاس میں 9 مئی کے پر تشدد واقعات کی بھر پور مذمت کی۔ ان واقعات میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر اظہار افسوس کا اظہار کیا۔
اس موقع پر نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کا کہنا تھا کہ ناخوشگوار واقعات کے موثر تدارک کے لئے صوبے اور ڈویژن کی سطح پر جائنٹ کنٹرول رومز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔
اعظم خان نےکہا کہ ان واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں، امن و امان کا قیام اور نجی اور سرکاری املاک کا تحفظ حکومت وقت کی اہم ذمہ داری ہے، ان مظاہروں کے دوران نجی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اپنی رٹ کو ہر صورت قائم رکھے گی، ان مظاہروں کے دوران پولیس، سکیورٹی فورسز اور سول انتظامیہ کا کردار قابل ستائش رہا ہے۔