0

9 مئی کے سازشی مجرموں کو سزا دیں بے گناہوں کو رہا کریں: شیخ رشید

شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 9 مئی کے سازشی مجرموں کو سزا دیں بے گناہوں کو رہا کریں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہر دور میں ضرورت مندوں مفاد پرستوں کی پارٹی بنائی جاتی ہے، اس لیے جمہوریت ناکام ہوتی اور کوئی حکومت 5 سال پورے نہیں کرتی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم دن میں 3 بار بے کار خطاب کر رہا ہے حکومت چلانا ان کے بس میں نہیں، پاکستان کی معیشت ڈیفالٹ کو چھو سکتی ہے، آئی ایم ایف سے چھٹی ہوگئی ڈالر 307 روپےکا ہوگیا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دوستوں سے تنہائی معاشی تنزلی اقتصادی تباہی سیاسی بحران ہے، غریب کے پاس قبر کے پیسے نہیں، غریب اللہ کے بعد صرف سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی نہ کوئی بات نہ اوقات نہ معاملات ہیں نہ حالات ہیں، ملک میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے، 9 مئی کے سازشی مجرموں کو سزا دیں بے گناہوں کو رہا کریں۔

شیخ رشید نے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ یہ حکومت ملک چلانے میں ناکام ہوگئی ہےگروتھ منفی ہوگئی، قومی اسمبلی میں بکنے والوں کا جمعہ بازار لگا ہے۔