0

عمران خان نے بشریٰ بی بی کی کرپشن کی نشاندہی پر جنرل عاصم کو ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے سے ہٹایا: وزیراعظم

قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف خطاب کر رہے ہیں
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے بشریٰ بی بی کی کرپشن کی نشاندہی پر جنرل عاصم منیر کو ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے سے برطرف کیا تھا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایوان کا شکرگزار ہوں سانحہ 9 مئی پر قرارداد متفقہ طور پر منظور کی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سویلین تنصیبات پر حملوں میں ملوث جھتوں کیخلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ اور فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث افراد کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات چلیں گیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان واقعات کے بعد کوئی نیا قانون بننے نہیں جا رہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ سپہ سالار نے بطور ڈی جی آئی ایس آئی عمران خان کی اہلیہ کی کرپشن کہ نشاندہی کی، عمران خان نے کرپشن کی نشاندہی پر جنرل عاصم منیر کو ڈی جی آئی ایس آئی کےعہدے سے ہٹایا اور کل پھر عمران خان نے ٹویٹ کر کے سفید جھوٹ بولا۔

شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ آرمی چیف جب ڈی جی آئی ایس آئی تھے تو وہ بشریٰ بی بی کی کرپشن سے واقف تھے، جس کا تذکرہ انہوں نے عمران خان سے کیا تو انہیں سید عاصم منیر کی یہ بات پسند نہیں آئی اور پھر انہیں عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ 60 ارب روپے کی کرپشن کے کیس میں نیب نے عمران خان کا وارنٹ جاری کیا، خدا گواہ ہے کہ نیب کے وارنٹ کا مجھے کوئی علم نہیں تھا، یہ 60 ارب روپے سندھ کے تھے جنہیں قومی خزانے میں آنا چاہیے تھا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ 60 ارب کی کرپشن کو عمران خان کیسے چھپائے گا اور کہاں لے کر جائے گا۔ خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچ کر جعلی رسید پیش کر دی۔