دینہ میں سالانہ ختم شریف و محفل میلاد ﷺ کا اہتمام

دینہ(محمد الیاس کھوکھر)ممتاز کاروباری شخصیت چوہدری خورشید انور، اسلامی اسکالرپروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم انو رالازہری، حافظ محمد وسیم انور ایگزیکٹو ممبر جہلم چیمبر آف کامرس، چوہدری ندیم انور اور محمد سلیم انور کسانہ تحصیل انچارج جہلم فورم کے والدین مرحومین ( حاجی محمد انور مرحوم و اہلیہ مرحومہ )کے ایصال ثواب و بلندیءدرجات کےلئے گزشتہ روز مہر ہاﺅس مفتیاں دینہ میں سالانہ ختم شریف و محفل میلاد ﷺ کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقعہ پر تلاوت قرآن پاک و نعت خوانی کے بعد پروفیسر پیر شمس المصطفےٰ اسدی سابق مرکزی صدر اے ٹی آئی پاکستان و خلیفہ مجازآستانہ عالیہ قلندریہ مخدوم پور شریف چکوال نے آقائے دو جہاں حضور نبی کریم ﷺکی سیرت پاک کے مختلف پہلوﺅں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضورﷺ کی محبت ایمان کامل کی اساس ہے جبکہ اُن کا ذکرپاک اس دنیا میں خیرو سلامتی اور خدا کی رحمتوں کے نزول جبکہ آخرت میں نجات کا باعث ہے ۔کثرت سے دُرود و سلام پڑھنا اور حضور ﷺ کی میلاد کی محافل سجانا گھروں میں خوشیوں اور برکات میں بیش بہا اضافہ کی ضمانت ہے ۔ہمیں دنیا میں جو خیرو سلامتی مل رہی ہے وہ حضور ﷺ کے صدقے میں مل رہی ہے ۔رحمت اللعالمین کا ذکر پاک دنیا میں کامیابی جبکہ اس دنیا فانی سے کوچ کے بعد قبر سے حشرتک کی تمام منازل میں نجات اور شفاعت کا باعث ہے ۔پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم انور الازہری نے کہا کہ زندگی میں اور اُن کے دنیاسے جانے کے بعد والدین کی خدمت صدقہ جاریہ اور اولاد کے لئے باعث سعادت ہے ۔آخر میںپیر شمس المصطفےٰ اسدی نے مرحومین کی بلندیءدرجات کےلئے خصوصی اجتماعی دُعائے مغفرت کی ۔تقریب میں سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض اور چیئرمین میونسپل کمیٹی دینہ میاں محمد عاشق سمیت علاقہ کی ممتاز سیاسی ، سماجی اور مذہبی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔