معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری لیاقت علی حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے

نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت ڈی ایس پی سوہاوہ، تھانہ سوہاوہ کے افسران و اہلکاران، عزیزواقارب اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی کلمہ شہادت کی صداوں کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپردلحد.
سوہاوہ(ظفر غوری) معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری لیاقت علی حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے، نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت ڈی ایس پی سوہاوہ، تھانہ سوہاوہ کے افسران و اہلکاران، عزیزواقارب اور اہالی علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی، کلمہ شہادت کی صداوں کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپردلحد، مرحوم کی بخشش و مغفرت کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق یونین کونسل پیل بنے خان کی ہر دلعزیز سیاسی و سماجی شخصیت حاجی چوہدری لیاقت علی نمازِ فجر کی تیاری کے دوران حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کرگئے۔ نمازِ جنازہ میں ڈی ایس پی سوہاوہ محمد نواز، تھانہ سوہاوہ کے افسران و اہلکاران، سابق ممبر پنجاب اسمبلی راجہ اویس خالد، سابق رکن اسمبلی پنجاب و امیدوار برائے این اے 66 چوہدری ندیم خادم، پی پی پی سوہاوہ کے رہنما مرزا عبدالغفار، پی ٹی آئی سوہاوہ کے رہنما چوہدری محمد سعید، وائس چیئرمین یوسی پیل بنے خان چوہدری یوسف و جنرل کونسلرز، سماجی شخصیت راجہ تنویر پنوار، سابق امیدوار برائے PP25 راجہ سفیر اکبر کے چیف کوآرڈی نیٹر وسیم کیانی، سرجلال خان ویلفیئر کونسل کے عہدیداران راجہ تسلیم احمد کیانی، آزاد سیماب کیانی، توقیرشاہ بخاری، رضوان کیانی و دیگر سمیت عزیزواقارب اور اہالی علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے مرحوم کی بخشش و مغفرت کے لئے اجتماعی دعا کی۔ کلمہ شہادت کی صداوں اور آہوں و سسکیوں کے ساتھ مرحوم کو مقامی قبرستان میں سپردلحد کیا گیا۔ چوہدری لیاقت علی انتہائی شفیق، ہمدرد اور ہمہ وقت علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لئے کوشاں رہنے والے انسان تھے۔ ان کے انتقال سے علاقہ ایک مخلص سیاسی و سماجی شخصیت سے محروم ہوگیا ہے۔ مرحوم سرجلال خان ویلفیئر کونسل کے صدر بھی تھے۔ ان کی وفات پر سرجلال خان ویلفیئر کونسل کے چیئرمین اوورسیز ونگ راجہ محمد شیراز کیانی نے اپنے خصوصی پیغام میں چوہدری لیاقت علی کی ناگہانی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بیٹوں و تمام لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی علاقہ کے لئے سماجی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ہم ان شاء اللہ چوہدری لیاقت علی مرحوم کے مشن کو جاری رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔