دینہ میں شہریوں نے جی ٹی روڈ منگلا روڈ کنارے گاڑیاں کھڑی کرنا فیشن بنا لیا

دینہ( ادریس چودھری) دینہ میں شہریوں نے جی ٹی روڈ منگلا روڈ کنارے گاڑیاں کھڑی کرنا فیشن بنا لیا، ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا، موٹروے پولیس کی ناقص حکمت عملی، حادثات روزانہ کا معمول بن گئے، شہریوں کا موٹر وے پولیس سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق دینہ چوک کے مقام پر جی ٹی روڈ کے دنوں اطراف سڑک کنارے قائم کارروباری مراکز بینکوں، دکانوں، بیکریوں، ہسپتالوں، نجی سکولز و کالجز قائم ہیں جہاں گاڑیوں کے مالکان گاڑیاں سڑک کنارے کھڑی کرکے معاملات طے کرنا شروع کر دیتے ہیں، اس طرح طویل دورانئے تک مالکان اپنی گاڑیاں روڈ پر کھڑی کرکے پیچھے سے آنے والی گاڑیوں کے لئے مشکلات کا باعث بنتے ہیں۔شہریوں نے ایس پی موٹر وے پولیس سے مطالبہ کیاہے کہ شہری آبادی جی ٹی روڈ پر سڑک کنارے گاڑیاں کھڑی کرنے والے مالکان و ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ حادثات میں کمی واقع ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو پیش آنیوالی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔