0

پنجاب حکومت کی ڈیڈلائن ختم، زمان پارک کی طر ف جانیوالے راستے بند

پنجاب حکومت کی ڈیڈلائن ختم، زمان پارک کی طر ف جانیوالے راستے بند
پنجاب حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دی جانے والی مہلت ختم ہوگئی، 24 گھنٹے سے زمان پارک جانے والے تمام راستے بند ہیں، گرفتاریوں کے لیے پولیس آپریشن کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

گزشتہ روز نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے عمران خان کو زمان پارک میں موجود افراد کو پولیس کے حوالے کرنے کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ لاہور میں عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے والے 30 سے 40 افراد زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ میں پناہ لیے ہوئے ہیں اور اگر آئندہ 24 گھنٹے میں انہیں پولیس کے حوالے نہیں کیا گیا تو کارروائی ہوگی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے دی جانے والی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی ہے جس کے پیش نظر پولیس کو الرٹ رکھا گیا ہے اور زمان پارک کی طرف جانے والے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں۔

زمان پارک جانے والے راستے مکمل بند ہیں اور پولیس کی بھاری نفری زمان پارک کے چاروں اطراف موجود ہے۔

آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور نے پولیس کو الرٹ رہنےکاحکم دیا ہے، پولیس لائنز قلعہ گجرسنگھ کے قریب کنٹینرپہنچا دیے گئے ہیں اور علاقہ مکینوں کو شناخت کے بعد داخلے کی اجازت دی جارہی ہے۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ قوم کو بدمعاشوں، مجرموں، اخلاقیات سے عاری ڈفرز نے اپنے قبضے میں لے رکھا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ملک بدترین معاشی بحران میں ڈوب رہا ہے، خاص طور پر غیر معمولی مہنگائی اور بے روزگاری ہے، اقتدار میں رہنے والے تمام لوگوں نے اس بات پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے کہ کس طرح سب سے بڑی اور واحد وفاقی جماعت کو دہشت گردی کا راج قائم کرکے کچلا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ تمام شہریوں کے لیے آواز اٹھائیں اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمہاری فسطائیت، ملک دشمنی اور ملک پر حملہ آور ہونے کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بندوبست ہو رہا ہے کہ آئندہ سیاست کے لبادے میں کوئی ملک دشمنی نہ کرے، ریاست پر حملہ آور نہ ہو، بندوبست ہو رہا ہے کہ آئندہ شہدا اور غازیوں کی یادگاروں کی کوئی بے حرمتی نہ کر سکے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تم نے لوگوں کی بیٹیوں کے گھروں پر حملے کرائے، تم نے لوگوں کی بیٹیوں کو والدین کے سامنے گرفتار کیا، لوگوں کی بہنوں کو گھسیٹا لیکن پھر بھی کوئی تمہاری طرح اس ملک پر کوئی حملہ آور نہیں ہوا۔