سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کا کہنا ہے کہ عدالت ضمانت دیتی ہے تو ریڈی میڈ ایف آئی آر تیار ہوتی ہے۔ ملک سیاسی، معاشی اور اقتصادی طور پر تباہ ہوگیا ہے، آئی ایم ایف سے چھٹی، دوستوں سے کٹی ہوگئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے اپنے گرفتاری کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ لال حویلی کا کیس بھی ہنگامی طور پر آج لگا دیا ہے۔ جب تک گرفتار نہیں ہوتا عوام سے رابطہ رکھنے کی کوشش جاری رکھوں گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میرے لوگوں کوغیر قانونی طریقے سے گھروں سے اٹھا لیا گیا ہے۔ دیکھنا ہے کہ انہیں آج عدالت میں پیش کرتے ہیں یا نہیں۔ اوپر اللہ نیچے عدلیہ ہے اور انشاء اللہ آئین و قانون جیتے گا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا گھیراؤ عوام کو اداروں سے لڑوانے کی ناکام سازش حکومت کا ایجنڈا ہے۔ 13 جماعتیں اپنی نا اہلی کا غصہ عوام پر نکلوا رہی ہیں۔