جہلم حکومت پنجاب کی طرف سے مقرر کئے گئے نرخوں کی دھجیاں اڑا ئی جانے لگیں

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم حکومت پنجاب کی طرف سے مقرر کئے گئے نرخوں کی دھجیاں اڑا ئی جانے لگیں، بااثر دکانداروں نے تمام ضابطے،سرکاری نرخ نامے روند ڈالے۔ ذخیرہ اندوزوں نے اشیائے خوردونوش چینی گھی سمیت اشیاء ضروریہ کا بڑے پیمانے پر ذخیرہ کر لیا،شہری مہنگی اشیاء خریدنے پر مجبور، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس غائب، شہریوں کا وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق ضلع بھر کے بااثر دکانداروں نے قیمت پنجاب سمیت حکومت کے مقررہ کردہ نرخوں کی دھجیاں بکھیرنا شروع کر رکھی ہیں بااثر دکانداروں نے اشیاء خوردونوش مہنگے داموں فروخت کرنے کے لئے شہر کے گنجان آباد علاقوں میں بڑے بڑے گودام کرائے پر حاصل کرکے اشیاء ضروریہ کا ذخیرہ کر رکھا ہے، اس حوالے سے صارفین کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سمیت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کرنے کے بڑے بڑے دعوے کرتی دکھائی دیتی ہے لیکن عملی طور پر کارکردگی صفر ہے، گرانفروشوں نے حکومتی احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے من مرضی کے نرخوں پر اشیاء خوردونوش فروخت کرنا شروع کر رکھی ہے، جس سے غریب صارفین کے مسائل میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں نے گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، چیف سیکرٹری پنجاب سے فوجداری مقدمات درج کروانے اور گوداموں میں ذخیرہ کی گئی اجناس کوسرکاری نرخ ناموں پر فروخت کرنے کا مطالبہ کیاہے۔